اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان سے امدادی سامان اور امدادی ٹیموں پر مشتمل خصوصی پروازیں دوسرے روز انقرہ اور دمشق پہنچ گئیں۔
ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایات پر پاک فضائیہ کا دوسرا سی 130 طیارہ پی اے ایف بیس لاہور سے خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء لے کر ترکی پہنچ گیا ہے۔
پاک فضائیہ کے C-130 ہرکولیس طیارے نے پاکستانی عوام کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ ترک بھائیوں کے لیے 18,634 پاؤنڈ کا امدادی سامان پہنچایا۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ بھی وزارت خارجہ اور ترکی میں پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے زلزلے کے باعث پھنسے پاکستانی طلباء کو وطن واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے خیموں اور کمبلوں سمیت خصوصی امدادی کھیپ روانہ کی۔
روانگی کے وقت وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر، چیئرمین این ڈی ایم اے اور شام کے سفیر بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے امدادی سامان دمشق روانہ کیا گیا۔
زلزلے سے متاثرہ شامی بہن بھائیوں کے لیے جلد مزید امدادی سامان بھیجا جائے گا۔
پاکستان نے مشکل کی اس گھڑی میں شام کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے بھیجا جانے والا امدادی سامان شام میں پاکستانی سفیر شاہد علوی وصول کریں گے۔ مزید امداد بذریعہ سڑک شام اور ترکی جلد بھیجی جائے گی۔