اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ملک بھر میں مون سون کی تازہ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ مری میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں بھی بادل جم کر برسے، میرپور اور باغ میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا۔
ایبٹ آباد، نارووال، فیروزوالہ اور بہاولنگر سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ کئی مقامات پر فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ادھر لاہور کے علاقے کاہنہ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، فیروزوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جان سے گئی جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دو ستمبر تک پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ دریائے راوی، ستلج اور چناب کے کنارے سیلابی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے اس سلسلے میں الرٹ جاری کردیا ہے۔