اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکہ کی مختلف ریاستیں اس وقت ایک شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں
جس نے زندگی کو بری طرح متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ملک کے وسیع حصے میں برفباری اور بارش کے باعث تقریباً 20 کروڑ افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس شامل ہیں جہاں شدید برفباری کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔شمالی اور مشرقی ریاستیں بھی خطرے کی زد میں ہیں، خاص طور پر واشنگٹن، نیویارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن میں شدید برف باری متوقع ہے۔
نیویارک کے میئر نے شہریوں سے ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔ دیگر نو ریاستوں میں نیشنل گارڈز کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ ایمرجنسی حالات میں شہریوں کی مدد کی جا سکے۔شدید برفباری کی وجہ سے امریکہ بھر میں 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جبکہ 84 ہزار سے زائد صارفین بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ برف باری کے دوران سڑکوں پر سفر انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔امریکی صدر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے اور طوفان کی زد میں آنے والی ہر ریاست سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر مدد حاصل کریں۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے اثرات آئندہ چند روز تک شدت اختیار کر سکتے ہیں، اس لیے تمام شہریوں کو مکمل احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔