اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وسطی افریقی ملک کانگو میں ایک خوفناک حادثے کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ملکی میڈیا کے مطابق مشرقی کانگو کے علاقے ربایا میں واقع کالٹن دھات کی ایک کان اچانک بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ بدھ کے روز پیش آیا تاہم جمعے تک ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین نہ ہو سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جو کان کے اطراف یا اندر موجود تھے۔حادثے میں کم از کم 20 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں محدود وسائل کے باوجود ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ربایا صوبے کے حکام کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث زمین غیر معمولی حد تک نرم ہو چکی تھی، جس کے نتیجے میں کان کی دیواریں دباؤ برداشت نہ کر سکیں اور اچانک زمین کھسکنے سے کان بیٹھ گئی۔واضح رہے کہ ربایا کا علاقہ کالٹن دھات کی پیداوار کے حوالے سے دنیا میں اہم مقام رکھتا ہے اور عالمی سطح پر استعمال ہونے والے تقریباً 15 فیصد کالٹن کی پیداوار یہیں سے حاصل کی جاتی ہے۔ کالٹن سے ٹینٹالم دھات تیار کی جاتی ہے جو موبائل فونز، کمپیوٹرز، ایرواسپیس ٹیکنالوجی اور جدید مشینری میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔حادثے نے ایک بار پھر کانگو میں غیر محفوظ کان کنی، کمزور حفاظتی انتظامات اور انسانی جانوں کو درپیش خطرات کو نمایاں کر دیا ہے۔