اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے دیے جائیں گے، جبکہ سہولت بازاروں میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے نگہبان رمضان پروگرام کے حوالے سے ہونے والے اجلاس اور عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضان رحمت اور رحم کا مہینہ ہے اور دنیا بھر میں عقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے، تاہم پاکستان میں رمضان کی آمد پر اشیاء کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔ ان کے بقول، اس بار مستحق افراد کو خود حکومت کے پاس آنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ اب تک چار لاکھ کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کارڈ کی ایکٹیویشن کی ضرورت نہیں، 9 ہزار 200 اے ٹی ایم مشینوں سے کیش نکلوایا جا سکتا ہے اور اگر کوئی دکان دار اضافی پیسے طلب کرے تو فوراً شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں میں بھی کارڈ استعمال کیا جا سکتا ہے اور مسیحی کمیونٹی کو بھی 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پیرا فورس پورے پنجاب میں قیمتوں کے کنٹرول کے لیے تعینات رہے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت نے سہولت بازار فعال کر دیے ہیں اور غریب افراد آسان قیمتوں پر اشیاء خرید سکیں گے۔ 147 تحصیلوں میں 300 دسترخوان لگائے جائیں گے جن میں مخیر حضرات حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام دکانوں پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے کا ہے، جبکہ حکومت کے سیل پوائنٹس پر یہ 850 روپے میں دستیاب ہوگا۔ چینی اور گھی کی قیمتوں کو کم کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تقریباً 42 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ فراہم کیے جائیں گے اور مستحق افراد کے لیے ہیلپ لائن "مریم کو بتائیں” شروع کی گئی ہے، جس پر شناختی کارڈ نمبر فراہم کرنے پر 24 گھنٹے میں 10 ہزار روپے منتقل کر دیے جائیں گے۔ ہیلپ لائن نمبر 1000 پر کال کی جا سکتی ہے، یہ سروس یکم رمضان سے فعال ہوگی۔
انہوں نے رمضان کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول رومز قائم کرنے اور پنجاب میں ثقافتی تہواروں جیسے بسنت پر نظم و ضبط قائم رکھنے کی مثال دی۔