اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)البرٹا کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، لیکن کیلگری اور ایڈمنٹن کے زیادہ تر شہری اس رفتار سے خوش نہیں۔
ایک تازہ سروے کے مطابق شہریوں کو لگتا ہے کہ تیز رفتار آبادی میں اضافہ ان کی روزمرہ زندگی پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔
سٹیٹسٹکس کینیڈا کے مطابق جولائی 2025 تک البرٹا کی آبادی پچاس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، اور اگلے پچیس سالوں میں مزید دو ملین اضافے کی توقع ہے۔
جینیٹ براؤن اوپینین ریسرچ کے سروے میں بتایا گیا کہ کیلگری کے 64 فیصد اور ایڈمنٹن کے 62 فیصد شہریوں نے کہا کہ ان کے شہروں کی آبادی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔کیلگری میں 51 فیصد اور ایڈمنٹن میں 56 فیصد شہریوں نے کہا کہ اس بڑھتی ہوئی آبادی نے ان کی زندگی پر منفی اثر ڈالا ہے ۔
جیسے کہ صحت کی سہولتوں، رہائش، اور پارکنگ کے مسائل۔جینیٹ براؤن کے مطابق آبادی کے بڑھنے پر سب سے زیادہ تشویش 25 سے 45 سال کی عمر کے افراد میں پائی گئی، خاص طور پر وہ جو مالی مشکلات یا بڑھتی قیمتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
کئی شہریوں نے شکایت کی کہ شہر اب بہت زیادہ بھیڑ والا ہو گیا ہے، صحت کی سہولتوں میں انتظار کا وقت بڑھ گیا ہے، اور بچوں کے لیے کھیلوں یا تیراکی کی کلاسز حاصل کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ میئر کے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں یہ مسئلہ اہم کردار ادا کرے گا، کیونکہ زیادہ تر امیدواروں کی مہم میں آبادی میں اضافہ” اور اس کے اثرات مرکزی نکتہ بن چکے ہیں۔