اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے میاں مرغوب، خلیل طاہرسندھو، خواجہ عمران نذیر نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جب کہ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ بھی مسلم لیگ ن کے ارکان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی۔
اپوزیشن ارکان نے تینوں کے خلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری اسمبلی عنایت اللہ لک نے 9 بجے کے بعد تحریک عدم اعتماد وصول کی تاہم سپیکر پنجاب اسمبلی تحریک عدم اعتماد سے لاعلم تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسمبلی سیکرٹری عنایت اللہ لک شام ساڑھے چار بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تھے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ اسمبلی سیکرٹری رات گئے تک دفتر میں کام کرتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ہم نے وزیراعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کو بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے ہمارے پاس پورے نمبر ہیں اور حکومت کو 186 نمبر دکھانا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری امکانات کے کھلاڑی ہیں، وہ جو چاہیں گے اگلا وزیراعلیٰ بنے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔