اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) دبئی میں ’ون وہیلنگ‘ کرنے والے موٹر سائیکل سوار پر 50 ہزار درہم کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
دبئی پولیس نے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے جو دبئی کی مشہور سڑک پر موٹر سائیکل چلا کر خطرناک اسٹنٹ دکھا رہا تھا۔
دبئی پولیس کے مطابق شیخ محمد بن زید روڈ پر موٹر سائیکل پر خطرناک اسٹنٹ کرنے والے نوجوان کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔خطرناک کرتب دکھاتے نوجوان موٹر سائیکل سوار کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے بعد نوجوان موٹر سائیکل سوار کو سخت ترین سزا سنائی گئی ہے۔
موٹر سائیکل سوار کے ٹریفک ریکارڈ میں 23 بلیک پوائنٹس بھی شامل کیے گئے جب کہ اس پر 50 ہزار درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔دبئی پولیس کے مطابق گرفتار موٹر سائیکل سوار نے مصروف شاہراہ پر خطرناک انداز میں گاڑی چلا کر نہ صرف اپنی بلکہ دیگر شہریوں کی جان کو بھی خطرے میں ڈالا، اسی لیے اس معاملے میں کوئی نرمی نہیں برتی گئی۔