اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر کے میدانی علاقوں کی مرکزی سڑکوں پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی ہے جس کے باعث لاہور سے شیخوپورہ تک لاہور موٹروے ایم ٹو اور مریدکے سے سمبڑیال تک لاہور سیالکوٹ موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے لیے گرینڈ ٹرنک (جی ٹی) روڈ کا استعمال کریں۔ انہوں نے ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ وہ آہستہ گاڑی چلائیں اور فوگ لائٹس آن کریں۔
موٹروے پولیس نے لوگوں سے گھروں میں رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ قومی شاہراہ پر صوبے میں کئی مقامات پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک میں بھی خلل پڑا ہے۔