اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیل کے مطابق ایم کیو ایم کے عارضی ہیڈ کوارٹر بہادر آباد میں رابطہ کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
۔
اجلاس میں اراکین کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے رابطہ کمیٹی نے کراچی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد متحدہ قومی اسمبلی این اے 239 کے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔
ایم کیو ایم نے حلقہ این اے 239 سے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کردی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 239 میں ضمنی انتخاب 18 اپریل کو ہوگا جب کہ بلدیاتی انتخابات 30 اپریل کو ہوں گے۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ملک سنگین مسائل سے دوچار ہے، سب کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، ہماری نظریں عام انتخابات پر ہیں اور محنت جاری ہے۔