اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کے 8ویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز کے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم 18ویں اوور میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں اسے 52 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ملتان میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 190 رنز بنائے .
ملتان سلطانز کے شان مسعود نے 3، ریلی روسو 36، ڈیوڈ ملر 52 اور محمد رضوان نے 50 رنز بنائے جب کہ کیرون پولارڈ 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس، وسیم جونیئر، شاداب خان اور ٹام کرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
ملتان کے 191 رنز کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی شروعات مایوس کن رہی کیونکہ پالز 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد حسن نواز 22 اور کولن منرو 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان شاداب خان بھی ایک رن بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے، اعظم خان 16 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ اس کے بعد اسلام آباد کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور صرف راسی وین ڈیر ڈوسن 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یونائیٹڈ کی ٹیم 18ویں اوور میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے 52 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 جبکہ اسامہ میر، احسان اللہ اور محمد الیاس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عباس آفریدی کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔