اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کے 11ویں میچ میں کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
ملتان کے 197 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنا سکی اور یوں اسے 3 رنز سے شکست ہوئی۔
ملتان میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے 196 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے شاندار سنچری اسکور کی۔
رضوان 64 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ شان مسعود نے 51 اور ریلی روسو نے 29 رنز بنائے۔ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
کراچی کی جانب سے محمد عمر اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہمارے لیے ہر میچ اہم ہے، ملتان کی بیٹنگ اچھی ہے، کوشش کریں گے کہ انہیں کم سے کم سکور کرنے دیں۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز اس سیزن کی ٹاپ ٹیم ہے، اس نے 4 میچ کھیلے ہیں اور صرف ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔ کراچی کنگز نے بھی چار میچ کھیلے ہیں جن میں سے اسے تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔