اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ شہر قائد کے عوام انتخابات کے بار بار ملتوی ہونے سے تنگ آچکے ہیں تاہم اب ان کا انتظار ختم ہوگیا ہے کیونکہ کراچی میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعلیٰ سے کہتا ہوں کہ وہ تمام سازشوں کو ناکام بنائیں اور کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرائیں کیونکہ اب عوام کے مسائل ہیں اور بلدیاتی نمائندگی نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کراچی والوں نے دیکھا کہ جب وہ ایڈمنسٹریٹر تھے تو شہر میں تیزی سے کام ہورہا تھا، بلدیاتی اداروں کے دروازے شہریوں کے لیے کھول دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ بلدیاتی انتخابات کے التوا سے تنگ آ رہے ہیں، الیکشن لڑنے والے جانتے ہیں کہ الیکشن لڑنا کتنا مشکل ہے
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے ہر حلقے سے ایک نمائندہ مقرر کیا گیا ہے، جس میں تمام قومیتوں کی نمائندگی شامل ہے، پورا کراچی انتخابات کا انتظار کر رہا ہے اور امیدوار انتخابی مہم چلا کر تھک چکے ہیں
انہوں نے کہا کہ ہمیں جیتنے یا ہارنے کا کوئی خوف نہیں، کراچی اور حیدرآباد کا الیکشن جو بھی جیتے گا ہم اسے قبول کریں گے۔ پی پی منتخب امیدواروں کے ساتھ کام کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کے ایم سی کی کارکردگی اور پی پی جیالوں کی محنت بتا رہی ہے کہ شہر کا اگلا میئر جیالا ہوگا جو آج کے پروگرام میں موجود ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے نمائندوں سے حلف لیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سے وعدہ لیا کہ الیکشن کے بعد بلدیاتی نمائندوں کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس کے دروازے کھلے رہیں گے جہاں مراد علی شاہ بطور جیالا اور بطور وزیر اعلیٰ شہر کی بیوروکریسی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔