160
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانوی پولیس نے ووکنگ کے علاقے میں 10 سالہ بچی سارہ شریف کے قتل کیس میں مطلوب 3 افراد کے ناموں کا انکشاف کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مطلوب افراد میں لڑکی کے والد عرفان شریف، ان کی اہلیہ اور بھائی فیصل شامل ہیں۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مارک چیپ مین کے مطابق سارہ کی لاش ملنے سے چند گھنٹے قبل تینوں مطلوب افراد پاکستان روانہ ہوئے تھے۔
سارہ کے بارے میں معلومات اس کے والد نے پاکستان سے ایمرجنسی نمبر پر دی تھیں۔مارک چیپ مین کا کہنا تھا کہ سارہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق جسم پر زخم کے پرانے نشان تھے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد پولیس کی تفتیش کی نوعیت بدل گئی ہے۔مارک چیپ مین نے کہا کہ سارہ کے کیس کے بارے میں کسی بھی شخص کو پولیس سے رابطہ کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ 10 سالہ بچی سارہ شریف کی لاش 10 اگست کو ووکنگ میں اس کے گھر سے ملی تھی۔