اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ مجوزہ منصوبے کی تائید کی ہے، جس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی، جبری بے دخلی کی روک تھام اور امن عمل کو آگے بڑھانا ہے۔
مشترکہ بیان میں مسلم ممالک نے اس بات کا خیر مقدم کیا کہ امریکا نے مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہ دینے اور فلسطینی عوام کے تحفظ کی ضمانت دینے کا وعدہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ ممالک امریکا اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مثبت مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاکہ منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔
پیش کیے گئے منصوبے میں غزہ کی تعمیر نو، انسانی امداد کی ترسیل، قیدیوں اور مغویوں کی رہائی، اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا اور دو ریاستی فارمولے کے تحت آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت شامل ہے۔
مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ یہ اقدامات عالمی قوانین سے ہم آہنگ ہیں اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔