اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ کی واپسی کی درخواست کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
منگل کو لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی عدالتی کارروائی سے عدم حاضری سے متعلق استفسار کیا؟ جونیئر وکیل نے جواب دیا کہ امجد پرویز دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔
جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ کیا وکیل کو معلوم نہیں کہ پہلے کس عدالت میں پیش ہونا ہے۔
مزید برآں قومی احتساب بیورو نے دو صفحات پر مشتمل جواب عدالت میں جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کا پاسپورٹ نیب کو درکار نہیں۔