اردو ورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز ) مکی آرتھر کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں ،اگلے سال کوئٹہ اور پشاور کو وینیوز کے طور پر شامل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، لیگ میں مزید ٹیمیں شامل کریں گے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر کے ساتھ معاملات 80 فیصد طے پا چکے ہیں، تمام معاملات آئندہ 10 سے 15 روز میں طے ہو جائیں گے۔
کراچی میں پی سی بی پارٹنرشپ معاہدے کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مکی آرتھر کے ساتھ معاملات تقریباً طے پا چکے ہیں، ان کی ٹیم میں کس کو شامل کیا جائے گا اس پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ چند دنوں میں سب کچھ فائنل کر کے اعلان کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں
مکی آرتھر کو دوبارہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ
نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس پر تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اگلا اجلاس مارچ میں ہوگا جس کے بعد چیزیں واضح ہوں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے سال پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ اور پشاور کو وینیوز کے طور پر شامل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
کوئٹہ میں نمائشی میچ کا تجربہ اچھا رہا، بگٹی اسٹیڈیم کا معیار بہتر بنانے کے لیے مزید رقم خرچ کریں گے۔نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا برانڈ بڑا کرنا ہے جس کے لیے مزید پیسہ لگایا جائے گا، اس لیگ میں ہر سال ترقی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے اس سے وابستہ افراد کو بھی ترقی مل رہی ہے، بہت جلد پاکستان میں مزید ٹیمیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ چار مقامات پر میچز کا انعقاد ایک چیلنج تھا لیکن ان کی ٹیم نے ہر ممکن بنانے کے لیے دن رات کام کیا۔