519
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں کتاب اللہ کی بے حرمتی میں ملوث افراد کو سزا دینے اور اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔
جمعہ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبوں سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں شرکا نے سویڈن سمیت دیگر مغربی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ .
جماعت اسلامی، تحریک لبیک پاکستان، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے سویڈن کے صدر کا پتلا نذر آتش کیا اور شدید نعرے بازی کی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، پشاور، مظفرآباد، کامرہ، حیدر آباد، جہلم، ساہیوال، نوابشاہ، شیخوپورہ، مری اور ملک بھر کے کئی شہروں میں نماز جمعہ کے بعد مظاہروں میں شرکا نے شرکت کی۔ مظاہرین نے احتجاجی بینرز اور کتابچے اٹھا رکھے تھے جن پر سویڈن کے سفیر کی فوری ملک بدری اور توہین رسالت میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
شہر قائد میں جماعت اسلامی کے تحت مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب تک سویڈن معافی نہیں مانگتا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری سانسیں ہیں کلمہ طیبہ کی توہین نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں اہم سیاسی شخصیات نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہار کیا جب کہ ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔