اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اہل خانہ کے ہمراہ ایمریٹس ہل دبئی میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی۔نماز کی ادائیگی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے رشتہ داروں اور کارکنوں سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر لوگوں نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور عمان سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے۔
اس موقع پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے پرجوش اجتماعات ہوئے جہاں لاکھوں زائرین سمیت فرزندان اسلام نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید ادا کی۔
اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اور مسلمانوں نے عاجزی سے اللہ کے حضور دعائے مغفرت کی۔
نماز عید کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں جب کہ حجاج کرام قربانی کے بعد اپنے سر منڈوائیں گے اور احرام کھولیں گے۔
عیدالاضحی کے ساتھ ہی شہریوں نے اپنے دوستوں اور پیاروں کو خوش کرنے کے لیے مٹھائیوں اور کھانے پینے کی دکانوں کا بھی رخ کیا ہے۔