اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور نگران سیٹ اپ پر تبادلہ خیال کیا۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے انہیں یقین دلایا کہ تمام اہم سیاسی فیصلوں پر انہیں اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف نے حکومتی اتحاد کے سربراہ کو سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی بھی وضاحت کر دی ہے
مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ ہم اب بھی پی ڈی ایم کا حصہ ہیں، نگران نشست سمیت تمام معاملات پر مشاورت ہوگی، جب کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق اپنے موقف سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں اہم فیصلوں پر مسلسل مشاورت کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے رابطے کے بعد نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس جلد بلانے کی ہدایت کی ہے۔