اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ طے کرنے کے لیے سعودی عرب میں مشاورت کا عمل جاری ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پاکستان میں اپنے بااعتماد ساتھیوں سے ٹیلی فونک رابطے میں ہیں۔ وہ موجودہ اور سابق اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی سے ان کی وطن واپسی اور پارٹی امور کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں۔
بعض رہنماؤں اور قریبی ساتھیوں نے نواز شریف کو 14 اگست کو وطن واپس آنے کا مشورہ دیا تاہم ساتھیوں کی اکثریت نے انہیں ستمبر کے وسط میں واپس آنے کا مشورہ دیا۔
نواز شریف نے اپنے دیرینہ ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن واپسی پر کچھ وقت کے لیے جیل جانا پڑے تو پرواہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے نومبر میں ہونے والے عام انتخابات کے بارے میں ساتھیوں کو مہم تیز کرنے کا مشورہ دیا
نواز شریف نے اپنے دیرینہ ساتھیوں سے پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر بھی بات کی۔ انہوں نے اپنے قریبی ساتھیوں کو ہدایت کی کہ وہ عام انتخابات کی تیاری کریں اور مریم نواز کے ساتھ کھڑے ہوں۔