اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وطن واپسی کا عندیہ دے دیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتہائی معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل پارٹی قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کا پروگرام طے پا گیا ہے۔
ایک نئی پیش رفت کے طور پر نواز شریف نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ اگر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو وہاں آئین کے مطابق 90 دن کے اندر نئے انتخابات کرائے جائیں ا
ذرائع کے مطابق نواز شریف اس صورتحال میں کسی بھی وقت وطن واپس آسکتے ہیں، اس حوالے سے نواز شریف نے اپنے وکلا سے مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔
ان کی سزاؤں پر نظرثانی کی اپیلیں ان کی آمد کے فوراً بعد عدالتوں میں چلنا شروع ہو جائیں گی۔
شریف خاندان کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف اب خود کو ملکی سیاست سے دور نہیں رکھیں گے اور اگلے الیکشن میں براہ راست اپنی پارٹی اور حامیوں کی قیادت کریں گے۔
ان ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کی تاحیات نااہلی کا کیس اب کمزور پڑ گیا ہے اور سپریم کورٹ کی جانب سے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے فیصلے سے مسلم لیگی رہنما کی قومی سیاست میں واپسی کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ .
یہ اطلاعات بھی ہیں کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی کی صورت میں مریم نواز عارضی طور پر لندن میں قیام کریں گی۔