قائد مسلم لیگ میاں نواز شریف آج چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے ظہور الٰہی روڈ پر ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان 40 منٹ تک ملاقات جاری رہی۔
اجلاس میں نواز شریف کے علاوہ شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثناء اللہ، سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
نواز شریف اور لیگی قیادت کی آمد پر مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا، مسلم لیگ ق کی جانب سے سالک حسین، شفیع حسین، طارق بشیر چیمہ اور امتیاز رانجھا نے بھی شرکت کی۔
نواز شریف نے مسلم لیگ ق کے سربراہ شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کی قیادت نے آئندہ عام انتخابات میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا
مسلم لیگ (ق) نے اجلاس کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت لیگی قیادت سے ملاقات کے بارے میں اپنے رہنماؤں کو اعتماد میں لے گی۔