اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور وہ آئندہ چند ہفتوں میں ملک میں ہوں گے۔بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف بہت جلد وطن واپس آئیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار تک پہنچنے کے لیے بیساکھیوں کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ حقائق پر بات کرے گی، ہمارا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے، ہمیں کسی کی بیساکھی کی ضرورت نہیں۔
مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ کے پی میں گھڑی چور نے 10 سال حکومت کی، سب سے زیادہ فنڈز ملنے کے بعد بھی کے پی میں سہولیات نہیں، کے پی کی پولیس اکیلی کھڑی ہے، واضح ہے کہ فنڈز کن مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا؟
شاہد خاقان عباسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہمارے سینئر ہیں، وہ نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور میرے بڑے بھائی ہیں، میں ان کی اور دیگر پارٹی رہنما ئوں کی سرپرستی میں آگے بڑھوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ میں شاہد خاقان عباسی سے خود ملوں گی، ہم ایک دوسرے کے سامنے اپنے دل کی بات کریں گے، لیکن مخالفین کو وہ خوشی نہیں ملے گی جو وہ اس میں ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ شاہد خاقان عباسی بہت وفادار ہیں اور وہ ایک دوست ہیں