اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے بعد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بھی پارٹی سربراہ نواز شریف کی ایک ماہ کے اندر پاکستان واپسی کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلیغ الرحمان کی جانب سے یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن پہنچے ہیں۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے دعویٰ کیا کہ ‘نواز شریف ایک ماہ میں پاکستان واپس آرہے ہیں اور میں ان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ جاؤں گا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی ایک ہفتے میں وطن واپس آجائیں گی۔
اس سے قبل پارٹی کے دیگر رہنما رانا ثناء اللہ، ایاز صادق، جاوید لطیف، عطا اللہ تارڑ اور ملک احمد خان نے بھی نواز شریف کی وطن واپسی کی پیش گوئی کی تھی،
گورنر پنجاب کا نواز شریف کی ایک ماہ کے اندر واپسی کا دعویٰ ان کی طویل غیر حاضری پر پارٹی صفوں میں پائی جانے والی بے چینی کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ مقامی قیادت کا خیال ہے کہ اگر نواز شریف واپس نہ آئے تو پارٹی میں دراڑیں پڑ سکتی ہیں
پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کی زیادہ تر مقامی قیادت اس بات پر متفق تھی کہ اگر مسلم لیگ الیکشن جیتنا چاہتی ہے تو نواز شریف کا انتخابات سے پہلے پاکستان میں ہونا ضروری ہے۔
رانا ثناء اللہ کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف مقدمات میں ریلیف حاصل کر کے وطن واپس آئیں گے، انہیں یقین ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل ضمانت ہو جائے گی۔