اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان طویل ترین مشاورت دبئی میں ہوئی ہے تاہم نگرا ن وزیراعظم کا نام تاحال طے نہیں ہوسکا، البتہ الیکشن مقررہ وقت پر کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔
دبئی میں ہونے والی موجودہ سیاسی ملاقات سے منسلک معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی ایمرجنسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے تحت الیکشن 6 ماہ کے لیے ملتوی کیے جانے کے امکان پر بھی بات کی گئی، تاہم سیاسی نظام کی پختگی اور استحکام کے لئے سیاسی رہنما بھی الیکشن کرانے کے حق میں ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔ انتہائی معتبر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ مشاورت دبئی کے ایک بڑے ہوٹل کے میٹنگ روم میں تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
اس کے علاوہ مشاورت میں کئی بار اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ نگران وزیراعظم مکمل طور پر غیر جانبدار اور غیر متنازعہ ہونا چاہیے تاکہ انتخابی نتائج سب کو قبول ہوں، لیکن معاشی بہتری کے لیے ایک ‘مضبوط ماہر معاشیات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا
مذاکرات سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ فی الحال دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے پاکستان میں موجود اپنے دیگر سیاسی رہنماؤں کو مذاکرات کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا، اس لیے کئی سیاسی رہنما دبئی ملاقات سے لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان مزید بات چیت کی جائے گی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے تاہم کئی گھنٹوں کی مشاورت میں کئی ناموں پر بات ہوئی ہے خاص طور پر جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی ایک غیر سیاسی شخصیت کے نام پر بھی بات ہوئی
اطلاعات ہیں کہ سابق وزیراعظم ‘معاشی بہتری کے لیے فوری اقدامات کرنے پر اصرار کر رہے ہیں تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے، تاہم سابق صدر آصف زرداری ملک میں قبل از وقت انتخابات کے بعد معاشی بہتری کے لیے اقدامات پر بضد ہیں۔ .