اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی ستمبر میں وطن واپسی کے لیے دی گئی تاریخ تبدیل کر دی گئی،شریف خاندان نے وطن واپسی کے لیے نئی تاریخ پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ طے کرنے کے لیے لندن میں شریف خاندان کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف ستمبر میں وطن واپس نہ آئیں۔
ذرائع کے مطابق شریف خاندان کی ملاقات میں شہباز شریف نے نواز شریف کو ستمبر کے بجائے اکتوبر کے وسط تک پاکستان پہنچنے کی تجویز دی جس کے بعد اہل خانہ نے 15 اکتوبر کی تاریخ پر اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نواز شریف کی وطن واپسی ستمبر کے وسط میں طے تھی، شریف خاندان نے بھی ستمبر میں وطن واپسی کی تصدیق کی تھی۔
شریف خاندان کے ذرائع نے تصدیق کی کہ نواز شریف کو ان کی پارٹی کے بعض رہنماؤں نے ستمبر کے وسط میں آنے کے لیے اصرار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے وکلاء اور سیاسی ساتھیوں نے نواز شریف کو مشرق وسطیٰ اور یورپ کے دورے کے بعد فوری وطن واپس آنے کا مشورہ دیا تاہم بعد میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ نواز شریف ستمبر کے وسط میں پاکستان پہنچیں گے۔
نواز شریف 4 سال قبل علاج کے لیے برطانیہ سے پاکستان آئے تھے، اب ان کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔