سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قائد کی واپسی میں چند دن باقی ہیں، نواز شریف کی محبت کا جذبہ زندہ تھا اور زندہ رہے گا۔ قائد کی جلاوطنی کارکنوں کے دلوں میں محبت کم نہ کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کا دور ہو یا 2018 کا الیکشن، عوام نے ہر بار ہم پر اعتماد کیا، 2018 کے الیکشن میں ووٹ کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ شیر کی واپسی ہوگی اللہ گواہ ہے کہ اللہ کا فضل نواز شریف پر ہے، دنیا کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ ایک شخص کو تین بار سازشیں کرکے وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا لیکن عوام کی محبت کم نہ ہوسکی
انہوں نے کہا چار پانچ سالوں میں کارکنوں پر ظلم ہوا، کارکن وفاداری کا پیکر بن کر کھڑے رہے، لیکن عوام کو اس مشکل وقت سے ریلیف ملے گا، خوشحالی کا سفر شروع کریں گے میں آج کوئی ایسی متنازع بات نہیں کہنا چاہتا جس سے کشیدگی پیدا ہو لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم ووٹ لے کر اقتدار میں آئے لیکن سازشیں ہوتی رہیں، ہم نے اسمبلیوں اور گلی کوچوں میں ان سازشوں کا مقابلہ کیا، 75 سال میں وطن عزیز میں جو کچھ ہوا وہ قابل فخر نہیں۔