اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں اور کہا ہے کہ کوئی مائنس کرنے کے حق میں نہیں۔
لاہور میں بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی پی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ مذاکرات میں تحریک انصاف نے بھی اسمبلیاں تحلیل کرکے غلطی کی تھی
انہوں نے کہا کہ فوجی املاک پر حملہ ملک پر حملے کے مترادف ہے، سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کو ختم کیا جائے۔
سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اور بھی بہت سے لوگ رابطے میں ہیں ان کا پس منظر دیکھ کر شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کو مائنس کرنے کے حق میں نہیں اور مذاکرات کے حق میں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ جو بھی ہو آئین کے مطابق ہو۔ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے، سی ای سی اجلاس اور اتحادی باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سب کو متحد ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو موجودہ صورتحال سے کوئی تنہا نہیں نکال سکتا، ہمارے اتحاد سے ہی مسائل کا حل نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک کیچ تھا جسے ہم نے گرایا۔