اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قانونی ٹیم نے سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ پر رات گئے طویل اجلاس کیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے گزشتہ روز سائفر کیس پر 4 گھنٹے طویل میٹنگ کی جو دن ایک بجے ختم ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ وکیل کے بغیر ریمانڈ کیسے لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کو معلوم نہیں کہ پی ٹی آئی چیئرمین جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین نے ملاقات میں بھی کسی وکیل یا اہلیہ سے جوڈیشل ریمانڈ کا ذکر نہیں کیا۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران سائفر کیس میں 30 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور اسلام آباد کی سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات آج سائفر کیس کی سماعت کریں گے۔
گزشتہ روز وزارت قانون کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عمران خان کے خلاف سائفر ایکٹ کی سماعت اٹک جیل میں ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کو اٹک جیل میں سننے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے سائفر کیس کی کھلی عدالت میں سماعت کرنے کا مطالبہ کردیا۔