اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرلی۔ تفصیل کے مطابق نیپرا نے بجلی کے بنیادی نرخوں میں 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی منظوری کے فیصلے کا نوٹیفکیشن وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔
لائف لائن صارفین بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔ 200 یونٹس ماہانہ تک محفوظ صارفین کے لیے بھی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ بجلی کا بنیادی ٹیرف 3 روپے سے بڑھ کر ساڑھے 7 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔
حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا،7 روپے 96 پیسے فی یونٹ مہنگی
کابینہ پہلے ہی سرکولیشن سمری کے ذریعے قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے چکی ہے۔ 100 یونٹ والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی 3 روپے فی یونٹ ہو گی۔
101 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لیے 4 روپے فی یونٹ اضافہ ہوگا۔ 201 سے 300 یونٹ والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ اضافہ ہو گا۔
301 یونٹ سے 400 یونٹ تک بجلی کی قیمت 6 روپے 50 پیسے فی یونٹ ہو گی۔ 400 سے 700 یونٹ والے صارفین کے لیے 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوگا۔
اضافے سے اوسطاً فی یونٹ ٹیرف 35 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 42 روپے 72 پیسے فی یونٹ ہو گیا۔ سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد فی یونٹ قیمت 50 روپے ہو جائے گی۔
نیپرا کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ بنیادی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔