اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ آئندہ ہفتے کئی ممالک پر جوابی ٹیرف کا اعلان کرینگے ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ کا کنٹرول سنبھالنے اور تعمیر نو شروع کرنے میں کوئی جلدی نہیں۔واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے کئی ممالک پر جوابی محصولات کا اعلان کریں گے۔امریکی صدر نے کہا کہ غزہ کا کنٹرول سنبھالنے اور اس کی تعمیر نو کے امریکی منصوبے پر عمل درآمد کے لیے کوئی جلدی نہیں ہے۔اس کے علاوہ ٹرمپ نے کہا کہ وہ روسی صدر پیوٹن سے بات کرنا چاہتے ہیں اور شمالی کوریا کے ساتھ بھی تعلقات قائم کریں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ اگر میں شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کروں تو یہ سب کے لیے فائدہ مند ہوگا،ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کی پٹی کو امریکا کے حوالے کر دے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر قبضے کا اعلان کر دیا۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی یو ایس ایڈ کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارے کے بیشتر اہلکاروں کو نکالنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ زیادہ تر اہلکاروں کو جبری رخصت پر بھیجا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں غزہ پر امریکی قبضے کا اعلان کیا تھا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا، اور ہم اس کے مالک ہوں گے۔ اس کا مقصد خطے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن کو دیکھتے ہیں۔ ہم غزہ کو ترقی دیں گے۔ ہم علاقے کے لوگوں کو روزگار دیں گے، شہریوں کو آباد کریں گے۔ٹرمپ کے اعلان کے بعد اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے فلسطینیوں کو غزہ سے نکالے جانے کی مخالفت کی اور دو ریاستی حل پر زور دیا۔