اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )یوم شہدا کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کسی کو شہداء کی لازوال قربانیوں کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔ .
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گی
دوسری جانب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا دن ہم اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے، ہم ان کی ہمیشہ عزت کرتے رہیں گے، ہم قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے مطابق 25 مئی کو یوم شہدائے پاکستان کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس دن کو منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنا اور قوم کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ شہداء، ان کے اہل خانہ اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔
آج ملک بھر میں شہداء کے لیے قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا جب کہ پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شہداء کی یادگار پر سلامی دیں گے۔
اس کے علاوہ جی ایچ کیو، ایئر اور نیول ہیڈ کوارٹرز اور دیگر کئی شہداء کی یادگاروں پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شہداء کی یاد منائی جائے گی۔