اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 70 ایم این ایز میں سے پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت 70 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین نے شرکت کی
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسپیکر نے استعفے منظور کرنے سے قبل اراکین اسمبلی کا موقف نہیں لیا، الیکشن کمیشن نے استعفے منظور ہونے کے بعد اراکین کو ڈی نوٹیفائی کیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے اور الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے سے روکے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی پنجاب کے اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے دیا، لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے سے بھی روک دیا۔
سپیکر کے نوٹیفکیشن سے متعلق سماعت 7 مارچ کو لاہور ہائیکورٹ میں ہو گی۔