اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اب ایران کے لیے امن یا تباہی ہوگی۔
واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ فورڈو، نتنز اور اصفہان میں ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکہ کا مقصد ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج رات کے اہداف سب سے مشکل تھے، بہت سے اہداف باقی ہیں، اگر امن نہ ہوا تو ہم درستگی کے ساتھ دوسرے اہداف کا پیچھا کریں گے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو ابھی امن قائم کرنا چاہیے ورنہ مستقبل میں ہونے والے حملے بہت زیادہ شدید ہوں گے اور اب یہ ایران کے لیے امن یا تباہی کا باعث بنے گا۔اس سے قبل ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ ہم نے ایران میں 3 جوہری مقامات پر حملہ کیا اور فورڈو جوہری تنصیب کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔