ردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اونٹاریو نے ہمسایہ امریکی ریاست نیویارک کے ساتھ جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت اونٹاریو نیویارک کو جدید جوہری ٹیکنالوجی کی تیاری اور ترقی میں معاونت فراہم کرے گا، جس کا مقصد صاف، محفوظ اور کم لاگت توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا ہے۔یہ معاہدہ جمعے کے روز امریکی شہر بفیلو میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ اور نیویارک کی گورنر کیتھی ہچول نے اعلان کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ سرحد کے دونوں جانب توانائی کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہو چکی ہیں۔
پریمیئر ڈگ فورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ نیویارک کے ساتھ مل کر کام کرنے سے نہ صرف نئی اور معیاری ملازمتیں پیدا ہوں گی بلکہ دونوں معیشتوں کو بھی مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں گی۔ ان کے مطابق یہ شراکت داری آنے والی نسلوں کے لیے ماحول دوست اور سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔معاہدے کے تحت خاص طور پر نئی نسل کے چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز پر تحقیق اور ترقی کو فروغ دیا جائے گا، جنہیں مستقبل میں توانائی کے محفوظ اور مؤثر ذرائع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اونٹاریو کو جوہری توانائی کے شعبے میں طویل تجربہ حاصل ہے، جس سے نیویارک کو اپنی توانائی کی حکمت عملی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
گورنر کیتھی ہچول نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف توانائی کے شعبے میں جدت لائے گا بلکہ ماحولیاتی اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ ان کے مطابق صاف توانائی میں سرمایہ کاری موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ایم او یو کینیڈا اور امریکہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو نئی سمت دے سکتا ہے اور مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار کرے گا۔