178
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران نے امریکی بحریہ کے ایک طیارے کو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد واپس جانے پر مجبور کر دیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی بحریہ کا EP-3E طیارہ خلیج عمان میں ایران کے علاقائی پانیوں میں داخل ہوا جس کے بعد ایرانی بحریہ نے امریکی طیارے کو خبردار کردیا۔
امریکی بحریہ کے طیارے کو ایرانی بحریہ کی جانب سے سرحد کی خلاف ورزی کے بارے میں خبردار کیے جانے کے بعد ایران کی سمندری سرحد سے نکل کر بین الاقوامی راستے پر جانے پر مجبور ہونا پڑا۔ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے امریکی طیارے کو الیکٹرانک سگنلز کے ذریعے معلومات اور ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ایران کے وزیر دفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی فضائیہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے جاسوس طیارے کو ایرانی سرحد سے روکا تھا۔