اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)کشمیر کے یوم استحصال پر مسلح افواج نے بہادر اور پرعزم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیے جانے کے 4 سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک بیان میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور پاک فوج نے کشمیر کے یوم استحصال پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں فوجی لاک ڈاؤن اور آبادی کا ڈھانچہ تبدیل کرنے کے غیر قانونی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، بھارتی حکومت کی بیان بازی اور معاندانہ کارروائیاں علاقائی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ ہیں، تاہم پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے، پاک افواج کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی جدوجہد میں بھرپور حمایت کرتی ہے۔