اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بھارت کے یوم آزادی پر دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے۔بھارت 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے کشمیر پر قابض ہے جس کے خلاف ہر سال بھارت کے یوم آزادی کو لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کے کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور برہان وانی چوک سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔
یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری اقوام متحدہ سے استصواب رائے پر عملدرآمد کا مطالبہ کریں گے اور بھارت کے یوم آزادی پر کشمیری بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر بھارت کے خلاف احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کر کے کشمیریوں کے حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ کشمیری آج بھی بھارت کے جبری قبضے کے خلاف پرامن جدوجہد کے ذریعے اقوام متحدہ سے کیے گئے وعدے پر عمل درآمد کے منتظر ہیں۔
بھارت نے 1947 سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر جبری قبضے کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کے لیے بھارت نے مقبوضہ ریاست پر 9 لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔
کشمیر میں گزشتہ 33 سالوں میں 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد بچے اپنے باپ کی شفقت سے محروم ہو چکے ہیں، صرف 90 کی دہائی سے اب تک بھارت 96183 کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کر چکا ہے۔