اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ملالہ یوسفزئی کی درخواست پر سکولوں اور مدارس میں جسمانی سزا دینے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو جسمانی سزا دینا کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔
ہم جسمانی سز انہ دینے کے قانون پر عمل درآمد کریں گے اور یہ قانون رواں ماہ کے دوران پنجاب اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔
ملالہ یوسفزئی نے گزشتہ روز پرویز الہٰی سے ملاقات کی تھی اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجود تھے۔
ملاقات میںصوبے میں تعلیم کے فروغ بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم اور سٹیم پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملالہ نے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرانے کے لیے پرویز الٰہی کے پروگرام کی تعریف کی اور وزیر اعلیٰ کے تعلیم دوست اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملالہ یوسفزئی سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پنجاب بھر کے سکولوں میں 25 ہزار اساتذہ کو خالی آسامیوں پر بھرتی کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں۔۔
ملالہ یوسفزئی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پاکستان پہنچ گئیں
انہوں نے کہا کہ پرائمری سطح پر پنجابی تعلیم دینے کے لیے اساتذہ کو شامل کیا جائے گا، مادری زبان کی تعلیم فراہم کرنے کا ذریعہ بنانے سے شرح خواندگی میں اضافہ ہوگا۔
پنجاب حکومت طالبات کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس بھی شروع کرے گی انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں طالبات کے وظائف میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ الٰہی نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ (پی ای ای ایف) کو دوبارہ فعال کیا جائے گا اور اسے موثر بنایا جائے گا۔