اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نگران وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
ملک میں بجلی چوری کے خلاف جاری آپریشن پر سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوا ہے، یہ ابھی شروعات ہے، یہ انتہائی بے رحم اور ناقابل معافی ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 40 لاکھ یونٹ بجلی چوری کے 2000 سے زائد کیسز کا پتہ چلا ہے اور بجلی چوری کے الزام میں 21 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 16.4 ملین روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ بجلی چوری کی مد میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے وصول ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آئیسکو کا اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم سمیت مختلف شہروں میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، بجلی چوروں پر 75 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
پنجاب میں بجلی چوری پر قابو پانے اور مانیٹرنگ کے لیے 3 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
بلوچستان میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں شروع ہوگئیں، 171 بجلی چوروں اور نادہندگان کے 682 بجلی کے کنکشن کاٹے گئے۔
پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔