اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مختلف پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے کل 81 پاور گرڈ سٹیشنز میں سے 46 سیلاب سے متاثرہ گرڈ سٹیشنز میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن کے تمام متعلقہ حکام کو متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔
سیلاب زدہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی کی بحالی کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم بحالی کے کام کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں اور اس حوالے سے روزانہ رپورٹس پیش کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر مون سون کی بارشوں اور سیلاب کے دوران 11 کے وی بجلی کے کل 881 فیڈرز متاثر ہوئے تھے جس سے تقریبا 9 لاکھ 75 ہزار صارفین کو سپلائی متاثر ہوئی تھی تاہم 475 فیڈرز کو بحال کر دیا گیا ہے جس سے 70600 صارفین کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
صوبہ سندھ میں 5 گرڈ سٹیشنز اور بلوچستان میں 2 گرڈ سٹیشنز تاحال 3 سے 4 فٹ تک سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور سیلابی پانی کی کمی کے ساتھ ان سٹیشنوں کی بجلی بحال کر دی جائے گی۔