اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبے بھر کے سکولز، کالجز اور جامعات کو جمعہ کے روز آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دے دی ہے۔
وزیر تعلیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ اس اقدام کا مقصد موجودہ حالات میں تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے، اور طلبا، اساتذہ اور والدین کے تعاون اور صبر کو سراہا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سکول بند رہیں گے، جس کے نتیجے میں تدریس ہفتے میں صرف چار دن ہوگی۔ سکولز سوموار سے جمعرات صبح ۸ بجے سے دوپہر ۱ بجے تک کھلے رہیں گے۔
ڈبل شفٹ والے سکولز کی ایک شفٹ صبح ۸ سے ساڑھے ۱۲ بجے تک اور دوسری شفٹ دوپہر ۱ سے شام ساڑھے ۵ بجے تک ہوگی۔ دوپہر والی شفٹ والے سکولوں میں پڑھائی دن کے ۱ بجے سے شام ۵:۳۰ تک جاری رہے گی۔
یہ اقدام تعلیمی سرگرمیوں کو موجودہ حالات میں متاثر ہوئے بغیر جاری رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، جبکہ آن لائن کلاسز طلبا کو جمعہ کے روز بھی تعلیم تک رسائی فراہم کریں گی۔