اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)اونٹاریو کی فورڈ حکومت نے مالی بدانتظامی کے الزامات کے تحت ٹورنٹو ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ (TDSB)، ٹورنٹو کیتھولک ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ (TCDSB)، اوٹاوا-کارلٹن ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ (OCDSB) اور ڈفرن پیل کیتھولک ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ (DPCDSB) میں نگران افسران مقرر کر دئیے ہیں۔
وزیر تعلیم پال کالانڈرا نے کہا کہ ان بورڈز نے طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے فراہم کردہ فنڈز کا مناسب استعمال نہیں کیا اور مرکزی بیوروکریسی پر زیادہ خرچ کیا۔یہ اقدام وزیر کالانڈرا کی جانب سے اسکول بورڈز کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کے سلسلے میں اٹھایا گیا ہے۔
ان کے مطابق ہر اسکول بورڈ کے ٹرسٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کا استعمال طلبہ اور اساتذہ کی فلاح کے لیے کریں۔” ان بورڈز میں نگران افسران کی تقرری سے ان کے روزمرہ کے فیصلے صوبائی حکومت کے تحت ہوں گے، جس سے منتخب ٹرسٹیوں کی انتظامی اختیارات ختم ہو جائیں گے۔
اس سے قبل، 23 اپریل کو وزیر کالانڈرا نے تھیمز ویلی ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ میں بھی نگران مقرر کیا تھا اور برانٹ ہالڈیمینڈ نارفوک کیتھولک ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ کو اٹلی کے دورے پر خرچ ہونے والی رقم واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان اقدامات کے تحت، صوبائی حکومت نے اسکول بورڈز کے مالیاتی معاملات میں شفافیت اور احتساب بڑھانے کی کوشش کی ہے۔