اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے بدھ کے روز اوٹاوا میں کینیڈا کی وزیر برائے امیگریشن، پناہ گزین و شہریت (IRCC) محترمہ لینا میٹلیج ڈیاب سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ہائی کمشنر نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد شہریوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے فروغ میں ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔محمد سلیم نے باہمی تعلقات کو عوامی سطح پر مزید مستحکم بنانے کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں جن میں تعلیمی، ثقافتی اور تجارتی روابط کے فروغ سے متعلق امور شامل تھے۔کینیڈین وزیر لینا ڈیاب نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ کینیڈا میں پاکستانیوں کی محنت، دیانت اور معاشرتی شمولیت ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ملاقات خوشگوار اور باہمی احترام کے ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے تاکہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید مضبوط اور دیرپا بنایا جا سکے۔