اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق صرف ستمبر کے مہینے میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے 3.2 ارب ڈالر وطن منتقل کیے۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں مجموعی طور پر 9.5 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.5 فیصد زیادہ ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق صرف ستمبر میں ترسیلاتِ زر میں سالانہ بنیاد پر 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے آئیں، جہاں سے پاکستانیوں نے 75 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔ متحدہ عرب امارات سے 68 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، جو دوسرے نمبر پر رہا۔ برطانیہ سے 45 کروڑ اور امریکا سے 27 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔
ماہرین کے مطابق ترسیلاتِ زر میں یہ اضافہ معیشت کے لیے حوصلہ افزا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ حکومت اور مالیاتی ادارے توقع کر رہے ہیں کہ آنے والے مہینوں میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات کا یہ مثبت رجحان برقرار رہے گا۔