اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)78ویں یومِ آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں اور وطن کی خاطر قربانی دینے والے بزرگوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف عالمِ اسلام کا ایک مضبوط اور ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے بلکہ یہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کی شاندار مثال بھی ہے، جہاں آج بھی مذہبی اقلیتیں ملکی ترقی میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے بے شمار جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ پہلگام سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے ہمیشہ کی طرح ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، لیکن قوم کی حمایت کے ساتھ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے "آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” انجام دیا، جو افواجِ پاکستان کی بہادری اور عزم کی ایک تاریخی علامت بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ تمام خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ہم خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں، مگر آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اور ملکی سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کا فوری اور دوٹوک جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہدِ آزادی کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانا ہی مسئلے کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
انہوں نے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں، جرات اور ایمان سے لبریز عزم ہمارے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے۔ اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کے ساتھ وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور پاکستان کے استحکام و ترقی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کر دے گی۔