اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان اور چین نے ایم ایل ون منصوبے کی فنانسنگ کو حتمی شکل دے دی، ایم ایل ون منصوبے پر دستخط اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث ایم ون منصوبے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان ایم ون منصوبے کی فنانسنگ طے پا گئی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چینی حکام کو منصوبے کی لاگت کم کرنے پر راضی کر لیا۔ ایم ایل ون منصوبے پر 6.5 بلین ڈالر لاگت آئے گی، اس سے قبل یہ لاگت 8.5 بلین ڈالر تھی جسے کم کر کے 6.5 بلین ڈالر کر دیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک 1733 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کرکے ڈبل ٹریک کیا جائے گا، ریلوے ٹریک کے ساتھ جدید ترین سگنلز اور ٹیلی کام سسٹم نصب کیا جائے گا جب کہ ٹرین 160 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چل سکے گی۔ تاہم ابتدائی طور پر ٹرینیں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔منصوبے میں ٹریک پر باڑ لگانے کا پروگرام ملتوی کر دیا گیا ہے اور اب صرف آبادی والے علاقوں میں ریلوے ٹریک پر باڑ لگائی جائے گی۔