اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روک کر عالمی سطح پر بڑی تباہی سے بچایا۔ سعودی بزنس فورم سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ امن قائم کرنے اور تنازعات کو حل کرنے میں مہارت رکھتے ہیں اور انہوں نے اب تک آٹھ جنگیں روکیں۔
ٹرمپ کے مطابق پاکستان اور بھارت ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کے قریب پہنچ گئے تھے، لیکن انہوں نے مذاکرات اور تجارتی دباؤ کے ذریعے صورتحال قابو میں کی۔ صدر نے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک سے کہا کہ اگر جنگ کی کوشش کی گئی تو امریکہ 350 فیصد ٹیرف عائد کر دے گا، جس کے بعد دونوں ملکوں نے جنگ کے امکانات ترک کر دیے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے فون پر رابطہ کر کے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کال کر کے جنگ روکنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ، امریکی صدر نے اعلان کیا کہ سعودی ولی عہد کی درخواست پر وہ سوڈان تنازع پر بھی کام شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان کی صورتحال پیچیدہ اور غیر مستحکم تھی، اور اب یہ ان کی ترجیح میں شامل ہے تاکہ خطے میں استحکام لایا جا سکے۔
یہ خبربھی پڑھیں :کیا بھارت پاکستان کیخلاف ایک اور جنگ شروع کرنیوالا تھا؟ ٹرمپ کا بڑا دعوی
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے پاس مضبوط فوجی نظام موجود ہے جو سعودی عرب کو فراہم کیا جائے گا اور یہ اقدامات عالمی امن کے لیے اہم ہیں۔
صدر نے اپنی تقریر میں عالمی سطح پر امن قائم رکھنے اور ممکنہ تنازعات کو روکنے کے اپنے کردار پر زور دیا اور کہا کہ وہ ہر جگہ مذاکرات اور حکمت عملی کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کے لیے تیار ہیں۔