اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر مبنی آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ’’فتنۃ الخوارج‘‘ کے سات شدت پسند ہلاک ہوگئے، جبکہ میجر سبطین حیدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی 8 اکتوبر 2025 کو دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 30 سالہ میجر سبطین حیدر، جو ضلع کوئٹہ سے تعلق رکھتے تھے اور کارروائی کی قیادت کر رہے تھے، جامِ شہادت نوش کر گئے۔
فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے بھارتی پشت پناہی یافتہ 7 دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ترجمان کے مطابق یہ دہشت گرد سکیورٹی اہلکاروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے مطابق وہ ’’فتنۃ الخوارج‘‘ کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، اور شہداء کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔